لاہورمیں ویڈیو گیمز کھیلنے کے لیے پیسے نہ ملے تو 13 سالہ لڑکے نے اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچا لیا۔
جمعے کی شب لاہور کے علاقہ بادامی باغ سے 13 سال کا بچہ اغوا ہوا۔ مغوی کے والدین کو دھمکی آمیز پیغام ملا کہ 5 لاکھ روپے دے کر بچہ زندہ واپس لے لو۔
اغوا برائے تاوان کا کیس پولیس میں رپورٹ ہوا تو ہر جانب تھرتھلی مچ گئی۔ شہر کے منجھے ہوئے کھوجیوں پر مشتمل 4 ٹیمیں بنا دی گئیں تاکہ مغوی کا سراغ لگایا جا سکے۔
تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ خاتون کی آواز نکال کر تاوان مانگنے والا کوئی اور نہیں بلکہ خود ساختہ مغوی بچہ تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لکشمی چوک کے قریب سے دوست کے اسنوکر کلب سے بچے کو برآمد کرلیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا کہ ویڈیوگیمز کھیلنے کے شوقین 13 سالہ موصوف مختلف لوگوں سے والد کی وفات اور گھر کے برے حالات کا ڈرامہ رچا کر کئی بار پیسے بٹورچکا ہے۔
