ملک میں بدترین سیلاب اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں پر عالمی برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا محض ایک چھوٹا حصہ قرار دیا ہے۔گرین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اس مشکل وقت میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔جمعرات کو ان کے دفاتر سے جاری ہونے والے بیانات میڈیا کے ان انتباہات کے بعد سامنے آئے جن کے مطابق پاکستان کو بدترین سیلاب کا سامنا ہے اور بین الاقوامی برادری کو اس غیرمعمولی آفت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی سینیٹ کے پینل برائے جنوبی ایشیا کے سربراہ نے کہا کہ ’پاکستان سے سامنے آنے والے مناظر دل دہلا دینے والے ہیں‘۔نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں پاکستانی سفیر منیر اکرم نے عالمی برادری کو یاد دہانی کروائی کہ ’عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اسے ان اخراج کی وجہ سے ہونے والی تبدیلیوں کے مہلک ترین نتائج کا سامنا ہے‘۔انہوں نے میڈیا کے مختلف اداروں کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’آج پاکستان کو اس صورتحال کا سامنا ہے، کل یہ صوتحال کسی اور ملک کو درپیش ہو سکتی ہے، ہم سب کو مل کر کام کرنے اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے اجتماعی طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے‘۔دنیا میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود اسے اس کے شدید ترین اثرات کا سامنا ہے۔واشنگٹن میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے بھی اس نکتے پر روشنی ڈالی، انہوں نے موسمیاتی ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’سیلاب کا تعلق گلوبل وارمنگ سے ہے جو کہ ماضی کے مقابلے میں زیادہ شدید ہیں‘۔

 

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *