کراچی: سیلاب زدہ علاقوں میں بد نظمی اور لوٹ مار کے واقعات کے بعد پولیس کی فلڈ ریلیف اسپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی، ٹیم میں شامل افسران کو ہائی ویز کی حفاظت اور سیکیورٹی ڈیوٹیوں پرتعینات کیا جائے گا۔
صوبہ سندھ میں سیلابی صورتحال میں بدنظمی، ٹریفک جام اور لوٹ مار کی شکایات کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کے حکم پر سندھ کی سب سے بڑی فلڈ ریلیف اسپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
99 اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم سندھ کے 19 اضلاع میں رپورٹ کرے گی۔ فلڈ ریلیف اسپیشل ٹیم میں 6 ایس ایس پیز، 22 ایس پیز، 71 ڈی ایس پیز اور دیگر اعلیٰ افسر شامل ہیں۔ افسران دادو، نوشہرو فیروز، خیرپور، قمبر، جامشورو، مٹیاری، جیکب آباد، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، کشمور، سکھر، شکار پور، میرپور خاص، حیدر آباد، گھوٹکی، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان، سجاول اور بدین میں تعینات ہوں گے۔ ٹیم میں شامل افسران آج متعلقہ اضلاع کے افسر کو رپورٹ کریں گے، افسران کو ہائی ویز کی حفاظت اور سیکیورٹی ڈیوٹیوں پرتعینات کیا جائے گا۔ ٹیم ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کی ذمہ داری بھی ہوگی۔
مختلف علاقوں میں جائے وقوعہ کی حساسیت کے لحاظ سے ہائی ویز کو تقسیم کیا جائے گا، ایس ایس پیز 20 کلو میٹر اور ایس پیز 10 کلومیٹر میں گشت کریں گے۔ ڈی ایس پی کی نارمل علاقے میں پٹرولنگ کی ذمہ داری ہوگی۔